اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدہ اور ‘مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد’ دونوں برادر ملکوں کے دیرینہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نو تعینات شدہ سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں رسمی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر کو پاکستان آمد اور نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر پرخلوص مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات میں غیر معمولی اور مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید گہرا اور وسیع بنانے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی مکینزم کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان تاریخی برادرانہ رشتے قائم ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ‘اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ’ اور ‘مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد’ دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ سعودی سفیر نے بھی اس موقع پر پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے فعال کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔













جمعہ 16 اکتوبر 2026 

