ملک میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 11.38 فیصد ریکارڈ: ادارہ شماریات

Calender Icon جمعہ 16 اکتوبر 2026

اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.38 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر پیاز 75.19 فیصد اور ایل پی جی 68.95 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ بجلی چارجز میں 58.59 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ایک سال کے دوران پیٹرول 49.6 فیصد اور ڈیزل 43.98 فیصد مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں آٹے کی قیمتوں میں 35.13 فیصد اضافہ اور چکن 20.77 فیصد مہنگی ہو گئی، اسی طرح مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد، مٹن 14.09 فیصد اور بیف 12.27 فیصد مہنگا ہوا جبکہ ایک سال میں سادہ ڈبل روٹی 9.02 فیصد مہنگی ہوئی۔

سالانہ بنیاد پر سستی ہونے والی اشیا میں ٹماٹر 63.65 فیصد سستے ہوئے، ایک سال میں آلو 39.93 فیصد اور چینی کی قیمت میں 23.2 فیصد کمی ہوئی۔ ایک سال میں انڈے 19.83 فیصد اور نمک 14.86 فیصد سستا ہوا جبکہ دال مسور 8.97 فیصد، گڑ 8.92 فیصد اور دال مونگ 7.83 فیصد سستی ہوئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.04 فیصد کمی ہوئی، ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 7 اشیا سستی اور 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ہفتہ وار بنیاد پر دال چنا 4.97 فیصد مہنگی ہوئی، آٹا 3.36 فیصد اور چکن 3.31 فیصد مہنگا ہوا، انڈے 0.99 فیصد اور دال ماش 0.98 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ دال مسور 0.95 فیصد اور لکڑی کی قیمت میں 0.69 فیصد اضافہ ہوا۔

دوسری جانب ہفتہ وار بنیاد پر ٹماٹر 23.05 فیصد سستے ہوئے، ایک ہفتے میں پیاز 4.90 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 2.59 فیصد کمی ہوئی جبکہ پیٹرول 0.70 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 0.65 فیصد اور چینی 0.62 فیصد سستی ہوئی۔