پاک افغان سرحد(pak afghan border) پر افغان طالبان کی جانب سے کی جانے والی مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان اہلکاروں کے ہلاک ہونے اور ان کے ایک بیس کیمپ کے مکمل تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تائدہ سیکٹر، اپر کرم اور غوزگڑھی کے علاقوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ پیش آیا، جو دونوں جانب سے تاحال جاری ہے۔
پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی دہشت گردوں کی معاونت میں بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا منہ توڑ جواب جاری
کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کا پاک فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے مؤثر جواب
پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں… pic.twitter.com/iCj3DB0VtJ
— PTV News (@PTVNewsOfficial) October 17, 2026
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے مبینہ طور پر مسلح دہشت گردوں کو سرحد پار پاکستانی حدود میں داخل کرانے کے لیے پاکستانی سرحدی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
اس اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر اور شدید کارروائی کرتے ہوئے اپر کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی ٹاپسر پوسٹ اور شپولا بیس کیمپ پر گولہ باری کی۔
مزید پڑھیں:میانوالی: برقع نہ پہننے پر 13 سالہ لڑکی کا بہیمانہ قتل
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے آرٹلری فائر سے افغان طالبان کا شپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ غوزگڑھی کے علاقے میں کی گئی جوابی کارروائی کے دوران متعدد افغان طالبان اہلکار ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید دعویٰ ہے کہ شدید جوابی فائرنگ کے باعث افغان طالبان کے اہلکار اپنی اہم سرحدی پوسٹ خالی کر کے پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔
سرحد پر کشیدگی کے باعث تمام متعلقہ سیکٹرز میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور پاکستانی فورسز صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔













اتوار 18 اکتوبر 2026 

