بیرون ملک ہزاروں ملازمتیں، پاکستانیوں کیلئے سرکاری پورٹل متعارف

Calender Icon اتوار 25 اکتوبر 2026

اسلام آباد : بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ(Bureau of Emigration and Overseas Employment) کی ویب سائٹ پر ہزاروں ملازمتوں کی خالی آسامیوں کی تفصیلات دستیاب ہیں۔

اس ویب سائٹ پر شہری بیرونِ ملک ملازمتوں کے ساتھ ساتھ ریکروٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی آسامیوں کی تصدیق بھی کرسکتے ہیں۔

سرکاری جابز پورٹل پر درج ملازمتوں کے لیے باقاعدہ اجازت نامے کا نظام موجود ہے، پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس کسی لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسی کو متعلقہ غیر ملکی ادارے یا آجر کی جانب سے فراہم کردہ تصدیق شدہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد مخصوص مدت کے لیے بھرتی کی اجازت دیتا ہے۔

متعلقہ دستاویزات کی تصدیق پاکستان میں موجود متعلقہ ملک کے سفارتخانے، پاکستانی سفارتخانے یا متعلقہ ملک کی وزارتِ خارجہ سمیت ان اداروں میں سے کسی ایک کے ذریعے کی جاتی ہے، جیسا کہ امیگریشن رولز 1979 میں بیان کیا گیا ہے۔

ہر بھرتی کی اجازت یعنی پرمیشن کا ایک منفرد نمبر ہوتا ہے، جس کا متعلقہ ملازمت کے لیے جاری کیے جانے والے اشتہار میں درج ہونا ضروری ہے، اس منفرد نمبر کے ذریعے ملازمت کے اشتہار اور اس کی سرکاری حیثیت کو جانچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

مزیدپڑھیں:وزیراعظم کروم بک اسکیم: اہلیت اور درخواست دینے کا طریقہ جانیں

پرمیشن جاری ہونے کے بعد خودکار نظام کے تحت متعلقہ مدت کے لیے ان آسامیوں کو بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی ویب سائٹ پر پرمیشن ٹریکنگ نمبر کے تحت ظاہر کردیا جاتا ہے۔ بھرتی مکمل ہونے یا اجازت نامے کی مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد یہ آسامیاں خودکار طریقے سے پورٹل سے ہٹا دی جاتی ہیں۔

حکام کے مطابق بیرونِ ملک ملازمت کے لیے کسی ریکروٹنگ ایجنسی سے رابطہ کرنے والے افراد کو چاہیے کہ وہ متعلقہ ملازمت اور اس کے پرمیشن نمبر کی سرکاری پورٹل پر تصدیق ضرور کریں تاکہ غیر مصدقہ یا جعلی ملازمتوں سے بچا جاسکے۔

سرکاری طریقہ کار کے تحت ان آسامیوں پر بھرتی ہونے والے افراد کی ملازمت سے متعلق ذمہ داری متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی پر عائد ہوتی ہے۔ کسی شکایت یا مسئلے کی صورت میں متاثرہ فرد بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ یا متعلقہ پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس سے رجوع کرسکتا ہے۔

بیرونِ ملک ملازمتوں کی دستیاب آسامیوں اور ان کی تصدیق کے لیے بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے فارن جابز پورٹل سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔