سندھ میں خواتین کے لیے سکوٹی ٹریننگ پروگرام کا آغاز

Calender Icon منگل 28 اکتوبر 2025

کراچی : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ کے جاری اور آئندہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

خواتین اور طالبات کے لیے سکوٹی ٹریننگ پروگرام کراچی کے بعد اب حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ٹریننگ نجی کمپنی کے اشتراک سے دی جائے گی اور ٹریننگ مکمل کرنے والی خواتین کو مفت ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔

یلو لائن بی آر ٹی کا اہم سیکشن تاج حیدر پل مکمل ہو چکا ہے اور جلد ہی عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گلشن معمار سے ٹاور تک 15 ای وی بسوں پر مشتمل نیا روٹ شروع کیا جا رہا ہے، جو شہریوں کو جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سہولت دے گا۔

پیپلز بس سروس کے دائرے کو مزید وسعت دیتے ہوئے خیرپور، شکارپور اور نوشہرو فیروز میں 20 نئی بسیں چلائی جائیں گی۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کی نئی کھیپ جلد کراچی پہنچ رہی ہے۔

دسمبر سے ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز ہو گا، جس کے ابتدائی مرحلے میں 30 پنک ای وی ٹیکسیوں کے لیے خواتین ڈرائیورز کی تربیت کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔

یہ اقدامات سندھ میں عوامی ٹرانسپورٹ کو جدید بنانے، خواتین کی معاشی خودمختاری اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب اہم قدم ہیں۔