پاکستانی نوجوان ڈیجیٹل عہد کا سامنا کرنے کے لیے مکمل تیار ہیں، بلاول بھٹو زرداری

Calender Icon منگل 28 اکتوبر 2025

اسلام آباد : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے میٹا پلیٹ فارم ان کارپوریشن کے پالیسی ڈائریکٹر صارم عزیز کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میٹا اے آئی کی ترقی، انسٹاگرام کے ٹین اکاؤنٹس (13 سے 17 سال کی عمر کے صارفین) اور ڈیجیٹل سیفٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ “پاکستانی نوجوان ڈیجیٹل عہد کا سامنا کرنے کے لیے مکمل تیار ہیں” اور “اے آئی سے آنے والی تبدیلیوں کو ذمہ داری سے قبول کر رہے ہیں” ۔ انہوں نے اے آئی سے متعلق قانون سازی پر بھی میٹا وفد کے ساتھ گہری بات چیت کی۔

انسٹاگرام ٹین اکاؤنٹس کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ: بچوں کے لیے اکاؤنٹس میں وقت کی پابندی عائد کی جائے گی،  ایک گھنٹے کے استعمال کے بعد ایپ خود بند ہونے کا پیغام آئے گا، نامناسب الفاظ اور مواد خودکار طور پر فلٹر ہو جائیں گے، والدین کے لیے کنٹرول آپشنز مزید مضبوط کیے جا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے اسے بچوں کی ذہنی صحت اور ڈیجیٹل تحفظ کے لیے اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل پالیسیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے ۔

یہ ملاقات پاکستان میں اے آئی گورننس، نوجوانوں کی ڈیجیٹل تربیت اور سوشل میڈیا سیفٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔