اسلام آباد پولیس(Islamabad Police) میں بھرتیوں کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت فیز ون کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے، سینئر پولیس افسران پر مشتمل پینلز امیدواروں کی جانچ پڑتال اور انٹرویوز مکمل کر رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق بھرتی کے عمل میں امیدواروں کی سہولت کے ساتھ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی ہدایات کے تحت بھرتی کے تمام مراحل کو منظم اور شفاف انداز میں مکمل کیا جارہا ہے۔
آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ملک و قوم کی خدمت اور اسلام آباد پولیس کا حصہ بننے کے خواہشمند افراد اپنی تیاری مکمل رکھیں اور بھرتی کے آئندہ مراحل کے لیے تیار رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آنے والے چند دنوں کے دوران 6 ہزار آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی، جن میں مختلف پوسٹس اور رینکس شامل ہوں گے۔ ان بھرتیوں کا دائرہ صرف اسلام آباد تک محدود نہیں ہوگا بلکہ ملک کے چاروں صوبوں سے امیدواروں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
مزیدپڑھیں:جغرافیائی، سیاسی عدم استحکام، کاروبار اور معیشت کیلئے بڑا خطرہ قرار: سروے رپورٹ
آئی جی اسلام آباد کے مطابق بھرتیوں کا پورا عمل شفاف اور مکمل کمپیوٹرائزڈ ہوگا تاکہ میرٹ کو یقینی بنایا جاسکے اور امیدواروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسلام آباد پولیس نے بھرتی کے خواہشمند خواتین و حضرات کو ہدایت کی ہے کہ وہ آسامیوں، اہلیت، درخواست دینے کے طریقہ کار اور دیگر مراحل سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے اسلام آباد پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نظر رکھیں۔













منگل 27 اکتوبر 2026 

