پاکستان(Pakistan) اور سری لنکا کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹرائی سیریز کے پانچویں میچ کے لیے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے تحت لاہور میں ایک جامع ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کے مطابق میچ کے دوران امن و امان اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 2 ایس ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز اور 90 انسپکٹرز سمیت ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ رنگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 10 فورک لفٹرز اور 7 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا ہے کہ میچ کے دوران کوئی بھی اہم روڈ مستقل طور پر بند نہیں رکھا جائے گا اور تمام شاہراہیں کھلی رہیں گی۔ البتہ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران سڑکیں کچھ لمحوں کے لیے بند کی جائیں گی اور ٹیم کے گزرتے ہی انہیں فوراً ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:ایپل کے نئے فولڈ ایبل آئی فون کی اسکرین ٹوٹنے لگی، کمپنی کا متبادل فون دینے کا اعلان
شائقینِ کرکٹ کی سہولت کے لیے مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ کے قریب پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ٹھوکر، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ سے آنے والے شائقین سینٹر پوائنٹ پر اپنی گاڑیاں پارک کر سکیں گے، جبکہ کینٹ اور ڈیفنس سے آنے والے شائقین کے لیے سی بی ڈی سن فورٹ اور لبرٹی میں پارکنگ کی جگہیں مختص کی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کی رہنمائی کے لیے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ آگاہی فراہم کرنے کا بندوبست کیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں اور ٹیم کی موومنٹ کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔













منگل 27 اکتوبر 2026 

