پاکستان کو G-24 کی چیئرمین شپ ملنا اہم سفارتی سنگِ میل ہے، وزیراعظم

Calender Icon اتوار 1 نومبر 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (G-24) کی چیئرمین شپ ملنے پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی اقتصادی منظرنامے پر پاکستان کے مؤثر کردار کے اعتراف میں ایک اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ G-24 کی چیئرمین شپ پاکستان کو عالمی اقتصادی اور مالیاتی امور میں اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے اور ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارت خزانہ کی پوری ٹیم کی انتھک محنت، مؤثر سفارت کاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدپڑھیں:میامی: موٹرسائیکل حادثے میں 29 سالہ معروف فٹنس انفلوئنسر لیام فٹزجیرالڈ چل بسے

انہوں نے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے دوران پاکستان کی مؤثر نمائندگی اور ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی قیادت میں ملک کو نمایاں مقام دلانے کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ G-24 کی چیئرمین شپ پاکستان کے لیے عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ اس کے ذریعے پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے لیے منصفانہ مالی معاونت، ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے پائیدار ترقی کے مواقع اور عالمی اقتصادی نظام میں بہتری کے لیے مؤثر آواز بلند کر سکے گا۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی چیئرمین شپ کے دوران ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ اقتصادی مفادات کو اجاگر کرنے اور عالمی مالیاتی اداروں میں اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف ہے بلکہ عالمی اقتصادی مباحث میں ملک کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور مؤثر نمائندگی کا بھی مظہر ہے۔