اسلام آباد : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مستحق افراد کو ادائیگیوں کے نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ مستحق افراد کو دی جانے والی ادائیگیوں کے نظام کو مزید شفاف کیا جائے تاکہ کسی قسم کی بدعنوانی یا تاخیر کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نظام بنایا جائے جس میں کسی کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو اور مستحقین کو باعزت طریقے سے امداد فراہم کی جائے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرمین پی پی پی کو یقین دہانی کرائی کہ بی آئی ایس پی کے تحت ادائیگیوں کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جا رہا ہے اور شکایات کے ازالے کے لیے موثر میکانزم قائم کیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر ہنرمند پروگرام کے حوالے سے تفصیلی استفسار کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے انہیں پروگرام کی موجودہ پیش رفت، تربیتی کورسز، اور مستفید ہونے والے افراد کی تعداد پر مکمل بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے ہزاروں افراد کو ہنر سکھا کر خود کفالت کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو نہ صرف شفاف بلکہ پائیدار اور عوام دوست بنانا ضروری ہے تاکہ غربت کے خاتمے میں حقیقی کردار ادا کیا جا سکے۔
یہ ملاقات بی آئی ایس پی کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور مستحقین تک براہ راست رسائی کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم قرار دی جا رہی ہے۔












بدھ 29 اکتوبر 2025 