مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششوں کے باوجود حالات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے ہیں جہاں امریکا نے مڈٹرم الیکشن کی پولنگ سے قبل آبنائے ہرمز میں واقع ایرانی جزیرے ‘قشم ‘ پر ’محدود نوعیت‘ کے فضائی حملے کیے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں دو امریکی ڈرون مار گرائے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ایران پر امریکی حملے ’محدود نوعیت‘ کے معلوم ہوتے ہیں اور ان کا مقصد بڑے پیمانے پر کسی نوعیت کی عسکری کارروائیوں کو دوبارہ شروع کرنا نہیں ہے۔
اس سے قبل وال اسٹریٹ جرنل نے بھی ان حملوں کی ابتدائی رپورٹ شائع کی تھی۔
رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں ایک دوسرے امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ حملے ’دفاعی اقدامات‘ کے طور پر کیے گئے کیونکہ ایرانی فورسز زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے ’امریکی اثاثوں‘ کو نشانہ بنا رہی تھیں۔
رائٹرز کا کہنا ہے کہ پینٹاگون نے اس خبر پر مؤقف کی درخواست مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کی نگرانی کرنے والی امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کو بھیجی تھی، تاہم سینٹ کام نے تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔
اس سے قبل پیر کو ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے رپورٹ کیا تھا کہ جزیرہ قشم میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق یہ حملہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران واشنگٹن کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کے سلسلے کی تازہ کارروائی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
تاہم پیر کو لنکن میموریل ریفلیکٹنگ پول پر خطاب کے بعد ان کے بیان سے ظاہر ہوا کہ وہ اب اس معاملے پر مختلف انداز میں سوچ رہے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں جزیرہ قشم کے جنوب میں دو امریکی ڈرون مار گرائے ہیں۔
نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے الیکٹرانک وارفیئر سسٹم استعمال کرتے ہوئے دونوں ایم کیو ایم 170 ڈرونز کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس واقعے کے بعد ایرانی فورسز کے قبضے میں آنے والے اس قسم کے ڈرونز کی تعداد چار ہوگئی ہے۔یہ دعویٰ گزشتہ ہفتے ایران کی جانب سے کیے گئے دو ایسے ہی اعلانات کے بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے جمعہ کو رپورٹ کیا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کے ذریعے جزیرہ قشم کے اوپر ایک ایم کیو ایم 170 ڈرون مار گرایا تھا۔
مزید پڑھیں:آئی ایم ایف کا شارٹ فال پر اظہار تشویش، ہنگامی ٹیکس اقدامات کی تجویز
اس سے ایک روز قبل پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی بحریہ نے آبنائے ہرمز کے مغربی حصے میں اسی قسم کے ایک اور ڈرون کا کنٹرول حاصل کرکے اسے بحفاظت زمین پر اتار لیا تھا۔تاہم امریکی فوج نے جمعرات کے واقعے سے متعلق ایران کے دعوے کو مسترد کردیا تھا۔













منگل 3 نومبر 2026 

