وزیراعظم کا پیٹرول ریلیف اسکیم کی سہولت نہ دینے والے پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

Calender Icon جمعرات 5 نومبر 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام پر اب تک ہونے والی پیشرفت، رجسٹریشن کے عمل، سبسڈی کی ادائیگیوں اور شفافیت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے پروگرام کی مجموعی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے مستحق شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے پروگرام کی مؤثر نگرانی اور کارگر ڈیش بورڈ کی تیاری پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کام ضرار حاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعظم نے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ کے مطابق پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے تحت اب تک 15,519,282 شہری رجسٹر ہو چکے ہیں، جن میں 15.06 ملین موٹر سائیکل مالکان جبکہ 449 ہزار 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔

مزیدپڑھیں:پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ، پہلے مرحلے کی پولنگ 7 فروری کو ہوگی

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 63,153,685 ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 59,445,347 ٹوکن استعمال یا ریڈیم کیے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کے لیے الگ الگ کال سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، تاکہ شکایات کا بروقت حل اور پروگرام پر مؤثر عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔