پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید نے شوہر سے علیحدگی کے لیے لاہور کی فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کر دیا ہے جس پر عدالت نے ان کے شوہر کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
لاہور: 9 مئی کے مقدمات میں جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید نے اپنے شوہر سے علیحدگی کے لیے فیملی کورٹ میں خلع کی درخواست دائر کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق صنم جاوید نے وکیل خدیجہ صدیقی کے توسط سے لاہور کی فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کیا۔ صنم جاوید نے عدالت میں دائر کی گئی اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے اور خاوند کے درمیان ذہنی ہم آہنگی نہیں رہی، جس کی وجہ سے کئی قسم کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے درخواست میں مزید لکھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر وہ اب مزید اپنے شوہر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں قائم نہیں رہ سکتیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے فیملی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ ان کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کی جائے۔ عدالت نے دائر کی گئی خلع کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد صنم جاوید کے شوہر عتیق ریاض کو 25 نومبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ صنم جاوید اور عتیق ریاض کی شادی 2009 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔ تحریک انصاف سے وابستہ خاتون رہنما اس وقت 9 مئی کے واقعات سے متعلق درج مختلف مقدمات کے سلسلے میں جیل میں قید کاٹ رہی ہیں۔













ہفتہ 7 نومبر 2026 