پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والا پہلا غیر ملکی بنے گا

Calender Icon ہفتہ 7 نومبر 2026

پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں تاریخی پیش رفت کے تحت پاکستانی خلا باز کو چینی خلائی مشن ‘شین زو 24’ میں شامل کر لیا گیا ہے جو رواں سال کے اختتام تک روانہ ہوگا۔

بیجنگ: پاکستان اور چین کی خلائی تعاون کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور ہونے جا رہا ہے، جہاں ایک پاکستانی خلا باز چین کے ‘تیانگونگ’ خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بن کر تاریخ رقم کرے گا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے پاکستانی خلا باز کو اپنے آئندہ خلائی مشن ‘شین زو 24’ کا حصہ بنا لیا ہے۔ چینی خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) کے مطابق پاکستانی خلا باز اس اہم مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خدمات انجام دے گا۔ اگرچہ مشن کی حتمی تاریخ کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اس کی روانگی رواں سال کے اختتام تک متوقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے مابین فروری 2025 میں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت سے متعلق ایک اہم معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت تربیت مکمل کرنے والے پاکستانی خلا بازوں کو چین کے مختلف خلائی مشنز میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ایئر فورس کے پائلٹس محمد ذیشان علی اور خرم داؤد بیجنگ کے چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کر رہے ہیں، تاہم فی الحال چین نے مشن کے لیے حتمی نام کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا۔

چینی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ پاکستانی خلا باز خلا میں مختصر قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات انجام دینے کے بعد شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔ اس تاریخی اقدام کو پاکستان اور چین کے سائنسی اور تکنیکی تعلقات میں انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔