گوجرانوالہ ضمنی انتخاب: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو نوٹس

Calender Icon ہفتہ 7 نومبر 2026

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 میں ضمنی انتخاب کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-77 کے ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کو نوٹس جاری کر کے طلب کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ این اے-77 گوجرانوالہ میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے وفاقی وزیر کو یہ نوٹس ارسال کیا ہے۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق عطا اللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی انتخابی مہم میں شرکت کی، جبکہ وفاقی وزرا کا کسی بھی انتخابی مہم میں حصہ لینا الیکشن ضابطہ اخلاق کے پیرا 18 اور 41 کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ انتخابی مہم پر پابندی کے دوران شرکت کرنے پر سیکشن 182، الیکشنز ایکٹ 2017 کے تحت بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے اور وفاقی وزیر اطلاعات کو 8 نومبر صبح 11 بجے اپنی وضاحت پیش کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کے سامنے طلب کیا گیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت پر عدم پیشی یا عدم تعاون کی صورت میں دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں یکطرفہ قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔