معاہدہ نہ کیا تو فوجی آپشن موجود ہے، ایران کے 38 پُل نشانے پر ہیں، ٹرمپ

Calender Icon پیر 9 نومبر 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ(Donald Trump) نے ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کو ممکنہ فوجی کارروائی سے بچنے کی اہم شرط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کی جانب پیش رفت جاری رہی تو ایران پر دوبارہ حملے کا امکان انتہائی کم ہے، تاہم تہران نے مضبوط معاہدہ نہ کیا تو فوجی آپشن موجود ہے ایران کے 38 پُل ہمارے نشانے پر ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کو ٹیلی فونک انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران بھی معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے اور واشنگٹن مذاکرات کے ذریعے جنگ ختم کرنے کا خواہاں ہے۔

تقریباً 20 منٹ کی گفتگو کے دوران امریکی صدر نے پانچ مرتبہ اس بات پر زور دیا کہ حالات بہتر رہے تو ایران پر نئے حملوں کا امکان بہت کم ہوگا۔

ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے۔ ان کے بقول امریکی حملوں میں ایران کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچایا جاچکا ہے اور اس کی معاشی و عسکری صورتحال کمزور ہوچکی ہے۔

مزیدپڑھیں:اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے سے منسوب مبینہ جائیدادوں کی تحقیقات کی اطلاعات

انہوں نے ایران کو ناکام ہوتی ہوئی ریاست قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکی فوج خطے میں کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہے اور تین امریکی طیارہ بردار بحری جہاز مکمل طور پر ہتھیاروں سے لیس ہیں۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے ایران کے 38 پلوں کی نشاندہی کر رکھی ہے جنہیں ایک گھنٹے کے اندر تباہ کیا جاسکتا ہے، تاہم وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ان کی دوبارہ تعمیر میں تقریباً 10 سال لگ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پلوں کی تعمیر انتہائی مشکل کاموں میں سے ایک ہے اور وہ انہیں تباہ کرنے کے بجائے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی مضبوطی ہی اس بات کا تعین کرے گی کہ خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے یا دوبارہ فوجی کارروائی کی نوبت آتی ہے۔