یورپی یونین کا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کیلئے نئ قانون سازی کا فیصلہ

Calender Icon بدھ 11 نومبر 2026

یورپی یونین نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور آن لائن کمپنیوں کے لیے نئے سخت قوانین متعارف کرانے کی تیاری کرلی۔

صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ڈیجیٹل فیئرنس ایکٹ (Digital Fairness Act) پیش کرنے کی تجویز، انفلوئنسر مارکیٹنگ، گمراہ کن آن لائن اشتہارات اور صارفین کو غیر ضروری طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال پر مجبور کرنے والے فیچرز کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

رائٹرز کے مطابق یورپی کمیشن کی جانب سے پیش کردہ مجوزہ قانون کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل دنیا میں صارفین کو دھوکا دہی، غیر منصفانہ کاروباری طریقوں اور نفسیاتی حربوں سے محفوظ بنانا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں، آن لائن شاپنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز اور دیگر ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والے اداروں کو صارفین کے حقوق سے متعلق قواعد کی پابندی کرنا ہوگی۔

مجوزہ قانون کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسے فیچرز کی روک تھام کی جائے گی جو صارفین کو مسلسل ایپلی کیشن استعمال کرنے یا طویل وقت تک اسکرین دیکھنے پر آمادہ کرتے ہیں، ان میں مسلسل اسکرولنگ، ویڈیوز کا خودکار طور پر چلنا اور بار بار نوٹیفکیشنز بھیجنے جیسے طریقے شامل ہیں۔

یورو نیوز کے مطابق صارفین کو ایسے فیچرز بند کرنے کا اختیار دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی آن لائن سرگرمیوں اور پلیٹ فارمز پر صرف کیے جانے والے وقت کو خود کنٹرول کرسکیں۔

یورپی یونین نے انفلوئنسر مارکیٹنگ کے خلاف بھی سخت اقدامات تجویز کیے ہیں۔ نئے ضوابط کے تحت سوشل میڈیا پر کسی مصنوعات یا برانڈ کی تشہیر کرنے والے انفلوئنسرز کو واضح طور پر بتانا ہوگا کہ آیا انہیں اس تشہیر کے عوض رقم یا کوئی دوسرا مالی فائدہ حاصل ہوا ہے۔ اس اقدام کا مقصد اشتہارات کو ذاتی رائے یا غیر جانب دار تجزیے کے طور پر پیش کرکے صارفین کو گمراہ کرنے سے روکنا ہے۔

مجوزہ قانون میں آن لائن خریداری کے دوران صارفین کو دھوکا دینے والے طریقوں پر پابندی کی بھی تجویز شامل ہے۔ اس ضمن میں جعلی رعایتی پیشکشوں، مصنوعی طور پر اشیا کی قلت ظاہر کرنے، جعلی کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمرز، چھپی ہوئی فیسوں اور ایسے آن لائن ڈیزائنز کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی جو صارفین کو فوری خریداری پر مجبور کرتے ہیں۔

قانون کے تحت مفت ٹرائل اور سبسکرپشن سروسز کے قواعد بھی سخت کیے جانے کی تجویز ہے۔ کمپنیوں کو مفت آزمائشی مدت ختم ہونے سے پہلے صارفین کو آگاہ کرنا ہوگا، خودکار طور پر بامعاوضہ سروس شروع کرنے کے لیے واضح رضامندی حاصل کرنا ہوگی اور سبسکرپشن ختم کرنے کا آسان طریقہ فراہم کرنا ہوگا۔

بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے بھی خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ بچوں کو ان کی ذاتی معلومات اور کمزوریوں کی بنیاد پر نشانہ بنانے والے اشتہارات اور ویڈیو گیمز میں پیسے خرچ کرنے پر اکسانے والے طریقوں کو محدود کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آن لائن گیمز میں رقم کے عوض غیر یقینی انعامات حاصل کرنے والے نظاموں پر بھی ضابطے متعارف کرانے کی تجویز ہے۔

یورپی کمیشن نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر قیمتوں کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔ کمپنیوں کو صارفین کو مصنوعات اور خدمات کی اصل قیمت، اضافی اخراجات اور ورچوئل کرنسی کی حقیقی مالی قدر سے متعلق واضح معلومات فراہم کرنا ہوں گی تاکہ خریداری کے دوران کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔

مجوزہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے لیے بھاری جرمانے بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ کمپنیوں پر ان کے سالانہ عالمی کاروبار کے 6 فیصد تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔ اس حساب سے اگر کسی کمپنی کا سالانہ کاروبار 10 ارب یورو ہو تو ممکنہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ 60 کروڑ یورو تک ہوسکتا ہے، تاہم جرمانے کا اصل حجم خلاف ورزی کی نوعیت اور متعلقہ قانونی ضوابط کے مطابق طے ہوگا۔

یورپی کمیشن کے مطابق ڈیجیٹل فیئرنس ایکٹ کا مقصد صارفین کو آن لائن کاروبار میں زیادہ تحفظ فراہم کرنا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو جواب دہ بنانا اور غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں کی روک تھام کرنا ہے۔ کمیشن کا اندازہ ہے کہ مجوزہ اقدامات سے آنے والے برسوں میں صارفین کو اربوں یورو کے ممکنہ مالی نقصانات سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

دوسری جانب نئے قوانین کے باعث ڈیجیٹل کمپنیوں پر اضافی انتظامی اور قانونی اخراجات بڑھنے کے خدشات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں جبکہ بعض کاروباری حلقوں کے مطابق پہلے سے نافذ ڈیجیٹل قوانین کے ساتھ نئے ضوابط کی ہم آہنگی بھی ایک اہم معاملہ ہوگا۔

مزید پڑھیں:سندھ، ضلع خیرپور میں گیس اور تیل کے بڑے ذخائر دریافت

واضح رہے کہ ڈیجیٹل فیئرنس ایکٹ ابھی قانون سازی کے مرحلے میں ہے اور یورپی پارلیمنٹ اور رکن ممالک کی منظوری کے بعد ہی اس کے حتمی نفاذ کا فیصلہ ہوگا۔ مجوزہ قانون کی منظوری کی صورت میں اس کے اثرات صرف یورپی کمپنیوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ یورپی صارفین کو خدمات فراہم کرنے والی بین الاقوامی ڈیجیٹل کمپنیوں کو بھی متعلقہ قواعد کی پابندی کرنا ہوگی۔