پاکستان معدنی وسائل سے مالامال، عالمی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کرینگے، اسحاق ڈار

Calender Icon جمعرات 12 نومبر 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معدنی شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے، منرلز انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد سے معدنی شعبے کو ترقی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کے اہم مرحلے پر کھڑا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ 2 روزہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے پہلے روز ہونے والے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی۔ فورم میں وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین بھی شریک ہوئے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مندوبین کو خوش آمدید کہا اور سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معدنی شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے ، فورم سے اس شعبے کو ترقی ملے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ معدنیات کی تلاش کے لیے لائسنس کے اجرا سمیت دیگر سہولیات کے لیے پورٹل موجود ہے، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے، پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے ۔ پنجاب 5 دریاؤں کی سرزمین ہے۔ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے۔ پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں ، دریاؤں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں۔

مزید پڑھیں:عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمی خان کو رہا کردیا گیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔ پنجاب کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوش حالی میں بدلنا چاہتے ہیں۔ پنجاب کے معدنی وسائل سے استفادے کے لیے تجارتی شراکت داریوں کی تلاش جاری ہے، جبکہ صوبے میں کاروبار کے لیے سستے نرخوں پر زمین فراہم کر رہے ہیں۔