وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے پاکستان کے پائیدار توانائی کے مستقبل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صاف توانائی کی جانب منتقلی کے لیے بلند اہداف مقرر کرنے اور ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی وعدوں کی تکمیل میں مدد دینے کے لیے عالمی مالی معاونت اور سستی ٹیکنالوجی کی فراہمی پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے بدھ کو اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ’’2035 تک صاف توانائی کی منتقلی: مستقبل کو توانائی کی فراہمی‘‘ کے عنوان سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صاف توانائی کی جانب منتقلی کے منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی توانائی ضروریات میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق انطالیہ روانگی سے قبل انہوں نے ملک کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا، جس سے قومی گرڈ میں 1,200 میگاواٹ صاف بجلی شامل ہوگی۔
مزیدپڑھیں:مضبوط ڈالر اور امریکی شرحِ سود میں اضافے کے خدشات، سونا ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر آگیا
شہباز شریف نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں میں 30 فیصد کو الیکٹرک بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ تمام سرکاری بسیں اور موٹر سائیکلیں بھی بجلی سے چلیں گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کو 2035 تک کم کاربن بجلی کی پیداوار کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر جبکہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو شمسی توانائی سے تبدیل کرنے کے لیے مزید 50 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک بھاری سرمایہ کاری کا بوجھ اکیلے برداشت نہیں کرسکتے، اس لیے عالمی شراکت دار رعایتی قرضوں اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف توانائی کے اہداف اجتماعی کوششوں اور بروقت مالی معاونت سے ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔












جمعرات 12 نومبر 2026 