محسن نقوی نے امام الحق اور محمد رضوان کے مستقبل کا فیصلہ سنا دیا

Calender Icon جمعرات 12 نومبر 2026

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ امام الحق اور محمد رضوان کے مستقبل کا فیصلہ این سی سی آئی اے حکام کریں گے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے موقف اختیار کیا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے کیے جانے والے تمام فیصلوں سے مطمئن ہوں، میری ٹیم اچھا کام کررہی ہے، ان پر اعتماد ہے اور جو حکمت عملی بنائی گئی ہے اسے جاری رکھاجائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کررہے، جو بھی فیصلے ہوں گے ان کو قبول کروں گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اکیڈمی کے ماسٹر پلان کے ڈایزئن کا کریڈٹ عاقب جاوید کو جاتا ہے جنہوں نے اسے ڈیزائننگ ٹیم کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کی ڈیڈ لائن 31 جنوری ہے اور یہ ایک مکمل اسٹیٹ آف دی آرٹ اکیڈمی ہوگی جہاں ہر قسم کی ٹریننگ کی سہولت موجود ہوگی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ جدید بائیو میکینکس لیب کے لیے دنیا کی جدید ترین مشینری منگوائی جا رہی ہے۔ اس لیب سے نہ صرف قومی کھلاڑیوں بلکہ انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کے کھلاڑیوں کی تکنیک، موومنٹ اور خامیوں کا سائنسی ڈیٹا حاصل کیا جائے گا تاکہ ان کی اصلاح بروقت کی جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے 3 سے 6 ماہ دورانیے کے خصوصی تربیتی کیمپس منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان کیمپس کا مقصد صرف فٹنس نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی بنیادی تکنیکی خامیوں کو دور کرنا ہے تاکہ جب وہ قومی اسکواڈ میں آئیں تو انہیں بنیادی چیزیں سیکھنے کے بجائے براہ راست کارکردگی دکھانے کا موقع ملے۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ سال فرنچائزز ریکارڈ قیمتوں پر فروخت ہوئی تھیں۔ کسی بھی کاروبار کی فزیبلٹی میں ابتدائی دو سے تین سال کے دوران مشکلات کا امکان پہلے ہی شامل ہوتا ہے اس لیے اسے بحران نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی فرنچائز مالک مستقبل میں اپنی ٹیم منافع پر فروخت کرنا چاہے تو پی سی بی اس کا خیر مقدم کرے گا۔ پی ایس ایل کے حوالے سے جو بھی حتمی فیصلہ ہوگا، اس سے بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے ٹیسٹ میچز سمیت ہر سطح پر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کی پالیسی جاری رکھنے کی توثیق کردی۔

مزید پڑھیں:امریکہ نے روس سے جنگ بندی مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی ہے، ایران

ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس پر کام ہو رہا ہے، جلد اس کا اعلان کردیا جائے گا۔ امام الحق اور محمد رضوان کو چند دن میں این سی سی آئی اے حکام طلب کریں گے، ان کے مستقبل کے بارے میں وہ ہی فیصلہ کریں گے۔