راولپنڈی ٹیسٹ: ثاقب خان کے ڈیبیو پر 7 شکار، سری لنکا کو 12 رنز کی برتری حاصل

Calender Icon جمعرات 12 نومبر 2026

راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز ثاقب خان(Saqib Khan) نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو بڑی برتری حاصل کرنے سے روک دیا۔

سری لنکا نے 404 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں دھننجیا ڈی سلوا گزشتہ روز کے اسکور میں بغیر کسی اضافے کے ثاقب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔


انہوں نے گزشتہ روز 167 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان ٹیم کو مشکلات سے دوچار کیا تھا اور میچ پر پاکستان ٹیم کی گرفت کمزور کردی تھی۔

مزیدپڑھیں:غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملہ، سرجن سمیت 6 افراد جاں بحق

دھننجیا ڈی سلوا (167) نے کپتان کوشال مینڈس کے ساتھ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 249 رنز کی شراکت قائم کی۔

تیسرے روز کے اختتام پر 117 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہنے والے کوشال مینڈس بھی آج صبح صرف دو رنز بنا کر ثاقب خان کا شکار بن گئے۔


بعد ازاں ثاقب خان نے سونل دینوشا (20)، لاہیرو کمارا (صفر) اور اسیتھا فرنانڈو (4) کو پویلین واپس بھیجا اور ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔ اس سے قبل محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔


سری لنکن ٹیم اپنے گزشتہ اسکور میں صرف 42 رنز کا اضافہ کرسکی اور اس دوران 6 وکٹیں گنوا دیں تاہم اسے 12 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

ثاقب خان کے علاوہ محمد عباس نے 2 اور رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔ سعود شکیل (93)، طیب عارف (57)، عرفات منہاس (52)، محمد طحہٰ (51) اور کپتان بابر اعظم (50) نے نصف سنچریز اسکور کیں۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا 3، 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔