مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں خود کو جاسوسی سے بچانے کے لیے سابق انٹیلی جنس اہلکاروں کو ملازمت پر رکھ رہی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یہ خطرہ اس وقت مزید نمایاں ہو کر سامنے آیا جب امریکی چپ ساز کمپنی اینوڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا ایک مبینہ چینی جاسوس سمیت دو خواتین کے ساتھ تعلقات کا اسکینڈل سامنے آیا جس کے بعد جینسن ہوانگ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
اینوڈیا کا کہنا ہے کہ اسے نہیں لگتا کہ قومی سلامتی یا کمپنی کے رازوں پر کوئی سمجھوتہ ہوا ہے۔ دوسری جانب چین نے جاسوسی کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
مبینہ چینی جاسوس کے ساتھ تعلقات کا اسکینڈل، امریکی کمپنی اینوڈیا کے سی ای او نے استعفیٰ دے دیا
سابق انٹیلی جنس افسران، بھرتی کنندگان اور کمپنیوں کے اندرونی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ مصنوعی ذہانت کی زبردست مانگ کی وجہ سے گزشتہ چند سالوں میں تیزی سے ترقی کرنے والی چپ ساز کمپنیاں، اے آئی کمپنیاں اور ٹیک کمپنیاں اپنے سکیورٹی نظام کو مستحکم بنا رہی ہیں۔
ملازمت اور بھرتیوں کے رجحانات پر نظر رکھنے والے ادارے ‘ریویلیو لیبز نے کہا کہ صفِ اول کی اے آئی کمپنیوں میں کاؤنٹر انٹیلی جنس کے ماہرین کی بھرتی ایک نیا رجحان ہے۔
گزشتہ دو برسوں میں اوپن اے آئی، اینتھروپک اور اینوڈیا جیسی کمپنیوں کی جانب سے اس حوالے سے زیادہ واضح اسامیاں مشتہر کی گئی ہیں۔ ان میں زیادہ تر کی تنخواہیں 2 لاکھ ڈالر سے لے کر تقریباً 5 لاکھ ڈالر تک ہیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق اسٹریٹجک رسک اور سکیورٹی فرم ‘کنٹرول رسکس’ کے لیے کام کرنے والی سی آئی اے کی سابق افسر کیتھرین مارینیس یعقوب نے کہا کہ کمپنیاں کاؤنٹر انٹیلی جنس ماہرین کو ان کی اس صلاحیت کی وجہ سے اہمیت دیتی ہیں کہ وہ ملازمین کی جانب سے تجارتی راز چرانے اور ایگزیکٹوز کے ذریعے بلیک میلنگ یا دباؤ ڈال کر کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوششوں جیسے خطرات کو بھانپ لیتے ہیں۔
اوپن اے آئی نے جون 2024 میں امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق ڈائریکٹر پال ناکاسون کو اپنے بورڈ اور سیفٹی اینڈ سکیورٹی کمیٹی میں شامل کیا تھا۔ اب یہ کمپنی ایک سینئر گلوبل سکیورٹی انویسٹی گیٹر کی بھرتی کر رہی ہے جس کے اشتہار میں کاؤنٹر اینٹیلی جنس کو ایک کلیدی مہارت قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:شمالی کوریا کے ہیکرز نے جعلی ویڈیو کالز کے ذریعے 40 کروڑ ڈالر چوری کرلیے
اوپن اے آئی کی حریف کمپنی اینتھروپک نے اگست 2025 میں قائم کی گئی اپنی قومی سلامتی مشاورتی کونسل میں سی آئی اے کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیوڈ کوہن اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق سائبر سکیورٹی ڈائریکٹر ڈیو لوبر کو شامل کیا ہے۔












جمعہ 13 نومبر 2026 