امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ڈائریکٹر ایران جنگ کے معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہونے والے موساد کے سربراہ رومن گوفمین کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں۔
ایگزیوس نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ رومن گوفمین امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے لیے میامی بھی جائیں گے تاہم موساد، سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
ایک امریکی عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ اب تک جنگ دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے نیتن یاہو کا دباؤ مسترد کرتے آئے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے 5 نومبر کو ہونے والے ایک ٹیلیفونک رابطے میں ایران جنگ پر تبادلہ خیال کیا تھا تاہم دوبارہ جنگ شروع کرنے کے بجائے امریکی صدر نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی اور اقتصادی دباؤ جاری رکھنے کی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو اسرائیل میں ہونے والے انتخابات کے بعد نیتن یاہو پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں اور ان کے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانے کا مینڈیٹ مل گیا ہے تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے یا نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سیاسی کشمکش کے دوران اسرائیلی اپوزیشن کے رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو، آئزنکوٹ کی کوششوں کو ناکام بنانے اور اقتدار سے چمٹے رہنے کی خاطر ایران پر حملہ کرنے یا ایران کو اسرائیل پر حملے کے لیے اکسانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ماسکو میں ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز، روسی فلم نے 10 لاکھ ڈالر کا اعزاز جیت لیا
گزشتہ روز نیتن یاہو نے آئزنکوٹ سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کی اور انہیں ایران کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی تاہم آئزنکوٹ کے ایک قریبی ذریعے کا کہنا ہے کہ آئزنکوٹ کے خیال میں موجودہ صورتحال ایران کے خلاف کسی فوری فوجی کارروائی کا تقاضا نہیں کرتی۔












جمعہ 13 نومبر 2026 