ریاست کو بچانے اور چلانے کے لیے نئے صوبے بننا ناگزیر ہے: مصطفیٰ کمال

Calender Icon ہفتہ 14 نومبر 2026

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے چھوٹے صوبوں کا قیام کسی کی ذاتی خواہش نہیں بلکہ ریاست کو بچانے اور چلانے کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کراچی میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل آف پاکستان کے سندھ ریجنل آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ملکی انتظامی ڈھانچے پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ صوبے رقبے اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کے بیشتر ممالک سے بڑے ہیں؛ پنجاب دنیا کے 180، سندھ 175، خیبر پختونخوا 162 جبکہ بلوچستان 185 ممالک سے بڑا ہے، حالانکہ ہمسایہ ممالک ایران میں 17، افغانستان میں 37 اور بھارت میں 38 صوبے قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال قابل تقسیم محاصل کی مد میں چاروں صوبوں کو 8 ہزار 844 ارب روپے منتقل ہوئے، لیکن بدقسمتی سے یہ وسائل گاؤں اور نچلی سطح تک نہیں پہنچ پا رہے کیونکہ صوبوں نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل ہی نہیں کیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق مصطفیٰ کمال نے کراچی کی معاشی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی پورے پاکستان کا معاشی اور محصولات کا انجن ہے، تاہم اس شہر کی اصل صلاحیت کا ابھی دس فیصد بھی استعمال نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کی مکمل صلاحیت کراچی میں موجود ہے، اور جس طرح خاندان بڑھنے پر گھر میں نیا کمرہ بنانے سے گھر تقسیم نہیں ہوتا، بالکل اسی طرح نئے انتظامی صوبوں کے قیام سے ملک تقسیم نہیں ہوگا بلکہ گورننس اور عوامی خدمت کا نظام بہتر ہوگا۔

وفاقی وزیر صحت نے کونسل کے سندھ ریجنل آفس کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب سندھ کے طلبہ، تعلیمی اداروں اور طبی عملے کو رجسٹریشن و منظوری کے لیے اسلام آباد کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ اس موقع پر الائیڈ ہیلتھ سروس کے صدر ڈاکٹر ساجد محمود نے بتایا کہ یہ دفتر صبح 9 سے شام 5 بجے تک خدمات فراہم کرے گا جبکہ پورے نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے اور بین الاقوامی بورڈ کے تحت نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے ساتھ تعاون طے پانے سے پاکستانی تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

نرسنگ کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ ماضی میں نرسنگ کونسل میں ہونے والی بدعنوانی اور غیر قانونی منظوریوں کے خاتمے کے لیے قانون میں تبدیلی اور نظام کو شفاف بنایا جا رہا ہے تاکہ معیار پر پورا نہ اترنے والے کسی بھی ادارے کو منظوری نہ مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کی اصل دیکھ بھال نرسز اور طبی عملہ کرتا ہے اس لیے ان کی جدید تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جبکہ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جگر کے سرطان سے بچاؤ کے لیے ہیپاٹائٹس سی کی فوری مفت اسکریننگ کروائیں جس کے مثبت آنے پر حکومت تین ماہ کی ادویات بھی بالکل مفت فراہم کر رہی ہے۔