فلم ’جوش‘ کے اداکار شرد کپور کی خراب حالت دیکھ کر مداح افسردہ

Calender Icon ہفتہ 14 نومبر 2026

بالی ووڈ کی مشہور فلم ’جوش‘ میں شاہ رخ خان کے مدمقابل اداکاری کرنے والے اداکار شرد کپور کی انتہائی خراب حالت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جسے دیکھ کر ان کے مداح شدید افسردہ ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تازہ ویڈیو اور تصاویر میں شرد کپور جسمانی طور پر انتہائی کمزور اور خراب حالت میں دکھائی دے رہے ہیں، جس کے بعد انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے ان کی صحت اور مالی حالات کے حوالے سے مختلف چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں۔ ویڈیو میں اداکار اپنے چار پالتو کتوں کی منتقلی کے موقع پر انتہائی جذباتی اور غمگین نظر آ رہے ہیں، جس نے مداحوں کو بھی رنجیدہ کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ممبئی میں قائم جانوروں کی فلاح و بہبود کے ادارے ’بے زبان پبلک ویلفیئر ٹرسٹ‘ کی نمائندہ ہیما چودھری نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس فیصلے کی اصل وجہ بیان کی ہے۔ ان کے مطابق شرد کپور ان دنوں صحت کے پیچیدہ مسائل سے دوچار ہیں اور انہیں اپنی مکمل دیکھ بھال اور علاج پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہیما چودھری نے مزید بتایا کہ اداکار کے گھر میں ان کی اہلیہ اور ایک نومولود بچہ بھی موجود ہے، اس لیے موجودہ حالات میں ان کے لیے چار پالتو کتوں کی دیکھ بھال کرنا اور انہیں سنبھالنا انتہائی مشکل ہو گیا تھا، جس کے باعث کتوں کو باہمی رضامندی سے فلاحی مرکز منتقل کیا جا رہا ہے۔