کراچی کے شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے اور طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی زحمت سے نجات دلاتے ہوئے گھر بیٹھے ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (پی آر سی) بنوانے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جس کا باضابطہ افتتاح چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ای ڈومیسائل اور پی آر سی پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے اب شہری باآسانی گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا سرکاری نظام سے پہلا واسطہ ڈومیسائل بنواتے وقت پڑتا ہے، اس لیے اس عمل کو آسان اور شفاف بنانے سے شہریوں میں حکومت کا تاثر بہتر ہوگا۔ چیف سیکریٹری سندھ کا مزید کہنا تھا کہ جدید ای ڈومیسائل سسٹم کے نفاذ سے جعلی درخواستوں اور جعلی ڈومیسائل کے اجرا کی مکمل روک تھام ممکن ہوگی، جبکہ اس سہولت کا دائرہ کار مرحلہ وار سندھ کے دیگر اضلاع تک بھی بڑھایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افتتاحی تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بتایا کہ پورٹل پر شہریوں کے لیے رجسٹریشن، چہرے کے ذریعے شناخت کی بائیومیٹرک تصدیق اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ درخواست گزار مقررہ فیس آن لائن یا بینک چالان کے ذریعے جمع کروا سکیں گے اور پورٹل پر ہی اپنی درخواست کی پیش رفت اور حتمی فیصلے سے آگاہ رہیں گے۔ بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کا دفتر دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد درخواست پر فیصلہ کرے گا، جبکہ تمام سرٹیفکیٹس کا ڈیجیٹل ریکارڈ ایک مرکزی نظام میں محفوظ ہوگا جس کی مجاز ادارے فوری آن لائن تصدیق بھی کر سکیں گے۔ تقریب میں کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی اور چیف سیکریٹری سندھ نے پورٹل کے ذریعے مستفید ہونے والے نوجوانوں میں ڈومیسائل بھی تقسیم کیے۔













منگل 17 نومبر 2026 
