جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان کو حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے حکومتی مینڈیٹ کو بے نقاب کر کے جے یو آئی کے مؤقف کی تائید کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جمعیت علمائے اسلام چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی واضح رائے سامنے آ گئی ہے، اور جے یو آئی کا مؤقف بھی ابتدا ہی سے یہی رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریفرنڈم کے انعقاد سے متعلق تجاویز پر ردعمل دیتے ہوئے اسلم غوری کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں ریفرنڈم کرانے کا تجربہ ہمیشہ داغدار رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے آئینِ پاکستان میں واضح طریقہ کار موجود ہے تو پھر ریفرنڈم کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ ترجمان جے یو آئی نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی طرح ریفرنڈم کو بھی آئین کا سہارا لے کر اپنے مقاصد کے لیے غلط استعمال کیا جائے گا۔













منگل 17 نومبر 2026 
