Advertisement

 نئے صوبوں پر عوامی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

Calender Icon منگل 17 نومبر 2026

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گڈ گورننس اور نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بحث جاری رہنی چاہیے، جبکہ عوامی رائے جاننے کا بہترین اور آئینی ذریعہ ریفرنڈم ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبوں کے معاملے پر کسی کو بحث سے نہیں روکا جا سکتا، کیونکہ عوام اچھی اور بہترین حکمرانی چاہتے ہیں اور گورننس کی بہتری پر مکالمے کو روکنا جمہوری و قانونی تقاضوں کے خلاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ذاتی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا، اور چونکہ ریفرنڈم آئینِ پاکستان کا حصہ ہے اس لیے اسے کوئی چور دروازہ نہیں کہا جا سکتا۔ عطاء اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ اگر ماضی میں ریفرنڈم کو غیر جمہوری انداز میں استعمال کیا گیا تو اس کی آڑ میں عوام کو ان کے جمہوری حق اور گڈ گورننس سے محروم رکھنا کوئی جواز نہیں ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر خون بہانے کی بات کرنا سمجھ سے بالاتر ہے اور یہ کیسی سیاسی بصیرت ہے کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کو تعمیری انداز میں دیکھنے کے بجائے وجہِ تنازع بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور سندھ کے عوام کے پاس جانے پر کسی کو تحفظات نہیں ہونے چاہئیں، اگر عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیے جائیں اور اگر نہیں چاہتے تو نہ بنائے جائیں۔

نیب کے معاملے پر پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نیب اصلاحات خود کیں اور اب الزام بھی اسی ادارے پر لگا رہی ہے جو ناقابلِ فہم ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سیاست کی آڑ میں احتساب سے استثنیٰ حاصل نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی کسی کو قانون سے بالاتر ہونے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے، جبکہ حکومت نے صحافیوں اور میڈیا کے حقوق کے تحفظ کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں اور جمہوری معاشرے میں قومی معاملات پر صحت مند بحث کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔