Advertisement

امریکی عدالت نے آصف مرچنٹ کو 330 ماہ قید کی سزا سنادی

Calender Icon بدھ 18 نومبر 2026

امریکا کی وفاقی عدالت نے آصف مرچنٹ کو تین سو تیس ماہ کی سزائے قید سنادی۔ اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ نے اڑتالیس برس کے آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیا۔

اٹارنی جنرل نے دعویٰ کیا کہ آصف مرچنٹ امریکا اس مقصد کے لیے آیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی سازش میں رابطہ کاری کرسکے۔

امریکی اہلکار نے دعویٰ کیا کہ پاسداران انقلاب نے ایرانی فوج کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے مرچنٹ کو امریکا بھیجا تھا۔

وفاقی جیوری نے مرچنٹ پر مارچ میں فرد جرم عائد کی تھی۔ مرچنٹ کو ڈسٹرکٹ جج اریک نے بروکلین کی عدالت میں سزا سنائی۔

امریکی حکام کے مطابق مرچنٹ نے خود کو پاسداران کا رضاکار تسلیم کیا تھا اور یہ بھی کہ اس نے امریکی اہلکاروں کو قتل کرنے کے لیے کرائے کے قاتل کو رقم دی تھی۔

مرچنٹ کو یقین تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ہدف بنایا جائے گا تاہم دیگر اہداف میں اس وقت کے صدر جوبائیڈن اور اقوام متحدہ میں امریکا کی سابق مستقل مندوب نکی ہیلی بھی ہوسکتی تھیں۔

مرچنٹ کو کہا گیا تھا کہ کرائے کا قاتل کرمنل یا کسی مافیا کا رکن ہونا چاہیے اور قتل کا منصوبہ سیاسی ریلی میں انجام پانا چاہیے۔

مرچنٹ نے جس شخص کی امریکا میں مدد حاصل کی اس نے ایف بی آئی کو مرچنٹ سے متعلق آگاہ کردیا تھا اور اسکی مخبری کرتا رہا۔

مزید پڑھیں:

مرچنٹ نے کرائے کے قاتل کو پانچ ہزار ڈالر بھی دیے تھے مگر مرچنٹ کو ٹیکساس کے شہر رچمند سے بارہ جولائی کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا تھا جب وہ امریکا چھوڑنے والا تھا۔