وزیراعظم شہباز شریف، قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آزاد کشمیر کے 2 روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گئے ہیں۔
ہیلی کاپٹر کے ذریعے مظفرآباد آمد پر وزیر امور کشمیر انجنیئر امیر مقام، صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی، اسپیکر طارق فاروق، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سمیت آزاد حکومت کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
آزاد جموں و کشمیر حکومت کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (پروٹوکول ونگ) کے ان کے دورے کے شیڈول اور انتظامات سے متعلق نوٹیفکیشن میں شریف خاندان کے ممبران کو ’اسٹیٹ گیسٹ‘ یعنی سرکاری مہمان قرار دیا گیا ہے۔
دورے کے دوران لیگی قائدین مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی، اراکین اسمبلی، کشمیر کونسل کے ممبران اور پونچھ ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن کے لیے ذرائع کے مطابق باقاعدہ دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ جولائی اور اگست میں 3 مراحل میں ہونے والے آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے دوران پونچھ ڈویژن کے 2 اہم اضلاع (پونچھ اور سدھنوتی) کی 7 نشستوں پر پولنگ ملتوی کر دی گئی تھی، جہاں تاحال انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت بشمول سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور سابق اسپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کے موجودہ حکومتی پالیسی کے خلاف تحفظات بھی سامنے ہیں جن کا مختلف مواقع پر وہ اظہار بھی کر چکے ہیں۔
ایسے میں پارٹی ذرائع کے مطابق پونچھ کے ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنماؤں سے نواز شریف کی ملاقات کا بنیادی مقصد پارٹی کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا اور اختلاف دور کرنا ہو سکتا ہے۔
شیڈول کے مطابق وزیراعظم اور صدر آزاد کشمیر سے ملاقات کے بعد لیگی رہنما آزاد کشمیر کی کابینہ کے ممبران سے ملاقات کریں جس میں آزاد کشمیر کے سیاسی و انتظامی معاملات اور حکومت کے ‘100 روزہ پیکج’ کا اعلان کیا جائے گا۔
مظفرآباد میں مصروفیات مکمل کرنے کے بعد میاں نواز شریف آج ہی سیاحتی مقام نیلم ویلی کے علاقے تاوبٹ روانہ ہو جائیں گے، جہاں ان کا ایک روز قیام کا پروگرام ہے۔













بدھ 18 نومبر 2026 
