Advertisement

دوسرا ٹیسٹ میچ: سری لنکا کو پاکستان پر بیاسی رنز کی برتری حاصل ہوگئی

Calender Icon جمعرات 19 نومبر 2026

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا کر پاکستان کی پہلی اننگز پر 82 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی ہے، تاہم میچ پر بابر الیون کی گرفت انتہائی مضبوط ہے اور شاہینوں کی فتح یقینی دکھائی دے رہی ہے۔

میچ کے تیسرے روز جمعرات کو سری لنکا نے 74 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز آگے بڑھائی تو دن کی پہلی اور مجموعی طور پر چوتھی وکٹ 99 کے اسکور پر گری، جب دھننجایا ڈی سلوا 37 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر محمد طحہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اسکور میں مزید 35 رنز کے اضافے پر پاسندو سوریا باندرا 116 گیندوں پر 38 رنز بنا کر رضا اللہ کا شکار بنے، جبکہ 215 کے مجموعی اسکور پر کوشل مینڈس 53 رنز بنانے کے بعد سلمان علی آغا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بعد ازاں 268 کے مجموعے پر ساتویں کھلاڑی سونال دینوشا 54 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر اذان اویس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جس کے بعد مزید پانچ رنز کے اضافے پر پرابتھ جے سوریا ایک رن بنا کر محمد عباس کی گیند پر طیب عارف کو کیچ تھما بیٹھے، اور 299 کے اسکور پر لاہیرو کمارا 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے دن کے اختتام پر ملان رتھنائیکا 60 رنز اور اسیتھا فرنینڈو 2 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں عامر جمال نے 3، محمد عباس اور رضا اللہ نے دو، دو جبکہ ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بدھ کو سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو لاہیرو ادارا فاسٹ بولر ثاقب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 10 کے مجموعی اسکور پر دنیش چندیمل کو رضا اللہ نے ایل بی ڈبلیو کیا اور 39 کے اسکور پر کمندو مینڈس عامر جمال کا شکار بنے، یوں بدھ کو کھیل کے اختتام تک مہمان ٹیم نے 3 وکٹوں پر 74 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں محض 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جس میں محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین، تین جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنا کر 227 رنز کی بھاری برتری حاصل کی تھی۔ بدھ کو قومی ٹیم نے 121 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز شروع کی تو اوپنر اذان اویس 47، سعود شکیل 24، صادق خان اور سلمان علی آغا آؤٹ ہوئے، تاہم 219 پر سات وکٹیں گرنے کے بعد آخری تین وکٹوں پر 106 رنز کا قیمتی اضافہ ہوا جس میں غازی غوری 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 95 رنز دے کر پانچ، اسیتھا فرنینڈو نے تین جبکہ ملان رتھنائیکا اور پرابتھ جے سوریا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اب پاکستان کو سری لنکا کی اننگز سمیٹنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے جس کے بعد قومی ٹیم اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گی۔