اسلام آباد: پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں بھارت کے غیر سفارتی اور بے بنیاد ریمارکس کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے من گھڑت الزامات کسی توجہ کے لائق نہیں ہیں اور مودی سرکار دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے اپنا رویہ تبدیل کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اقوامِ متحدہ میں بھارتی سفیر کے بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی نمائندے کے بے بنیاد الزامات محض مسترد کیے جانے کے قابل ہیں، تاہم پاکستانی نمائندے نے اسی اجلاس کے دوران بھارت کو مؤثر اور مدلل انداز میں بھرپور جواب دے دیا تھا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت کا یہ مخصوص طرزِ عمل پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابلِ قبول مداخلت اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کے صریحاً منافی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت آبی دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے جائز خدشات کو دور کرنے کے بجائے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہا ہے، جو دراصل پاکستان کے استحکام کو کمزور کرنے کی ایک کھلی سازش ہے۔ ترجمان نے زور دیا کہ بھارت کو الزام تراشی کی سیاست ترک کر کے خطے میں امن اور عالمی قوانین کے احترام کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔













جمعہ 20 نومبر 2026 
