اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے مختلف وفاقی وزارتوں اور اداروں کی سینکڑوں اسامیوں کے تحریری امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جبکہ کامیاب امیدواروں کا حتمی انتخاب انٹرویوز اور دیگر لازم مراحل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزارت دفاع کے ماتحت ایف جی ای آئی کینٹس و گیریسنز میں سیکنڈری اسکول ٹیچر (میل) گریڈ 17 کے تحریری امتحان میں 11 ہزار 480 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 3 ہزار 192 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ اسی ادارے میں کمپیوٹر انسٹرکٹر (میل) گریڈ 17 کے امتحان میں شریک 1 ہزار 760 امیدواروں میں سے 366 جبکہ کمپیوٹر انسٹرکٹر (فیمیل) گریڈ 17 کے امتحان میں 830 امیدواروں میں سے 154 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل گریڈ 17 کی اسامیوں کے لیے تحریری امتحان میں 2 ہزار 980 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 1 ہزار 921 کامیاب ہوئے، جبکہ سپرنٹنڈنٹ گریڈ 16 کے امتحان میں شریک 16 ہزار 699 امیدواروں میں سے 5 ہزار 53 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت ایف ڈی ای کے سابق ایف جی اسکولز میں ایس ای ٹی فزیکل (میل) گریڈ 16 کے امتحان میں 92 امیدواروں میں سے 17 کامیاب ہوئے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کے اسپتال پمز میں میڈیکل آفیسرز اور چارج نرسز کی تقرریوں کے لیے لیے گئے تحریری امتحانات کے نتائج بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ نتائج کے مطابق میڈیکل آفیسر گریڈ 17 کی اسامیوں کے لیے امتحان میں شریک 4 ہزار 858 امیدواروں میں سے 3 ہزار 397 امیدوار کامیاب قرار پائے، جبکہ چارج نرس گریڈ 16 کی اسامیوں کے لیے تحریری امتحان دینے والے 368 امیدواروں میں سے 135 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔













جمعہ 20 نومبر 2026 
