Advertisement

بھارت سے مذاکرات کی بحالی نئی دہلی کے طرزِ عمل سے مشروط ہے: اسحاق ڈار

Calender Icon ہفتہ 21 نومبر 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا دارومدار نئی دہلی کے رویے اور طرزِ عمل پر ہے، جبکہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا کوئی اختیار نہیں رکھتا۔

غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دوٹوک الفاظ میں پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی جانب سے بات چیت کے دوبارہ آغاز کا انحصار بھارتی اقدامات پر ہوگا۔ خطے کی صورتحال اور امریکا و ایران کے درمیان کشیدگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی تنازعات کے حل کا واحد مؤثر راستہ ہیں اور جنگ شروع ہوتے ہی انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، جبکہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ایک نئے سیکیورٹی فریم ورک کی تشکیل ناگزیر ہو چکی ہے۔

عالمی سفارت کاری اور خارجہ پالیسی کے خدوخال بیان کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی سیاست میں گروپ بندی کے رجحان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ بلاک پولیٹکس مسائل کا حل نہیں ہے اور پاکستان مستقبل میں بھی امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن اور دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی جاری رکھے گا۔

علاقائی فورمز اور معاشی سفارت کاری کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل چار ملکی فورم ’آر فور‘ کا اگلا اجلاس آئندہ ماہ جرمنی میں منعقد ہوگا، جبکہ استنبول میں ہونے والے اجلاس میں یورپی ممالک کی شرکت کے بعد یہ پلیٹ فارم اب ’ای فور‘ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یورپی ممالک سے جی ایس پی پلس تجارتی سہولت کے تسلسل کے لیے تعاون اور حمایت کا خواہاں ہے، جبکہ حکومت نے ملک میں آنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی سیکیورٹی فورس بھی قائم کر دی ہے۔