Advertisement

لاہور: فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس تعینات، نقل و حرکت محدود

Calender Icon منگل 24 نومبر 2026

لاہور: جے یو آئی (ف) کےامیر اور سربراہ مولانا فضل الرحمان کی چوہنگ میں رہائش گاہ کے باہر انتظامیہ کی طرف سے پولیس تعینات کردی گئی۔

پنجاب پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس کی نفری تعینات کرتے ہوئے مولانا کو نقل و حرکت محدود رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کو گھر میں نظربندکرنے کے معاملے پر ان کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں آئی جی پنجاب اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست جے یو آئی کے کارکن ابرار حسین ایڈووکیٹ نے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ پولیس کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے گھرکی ناکہ بندی کرکے نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے لہٰذا عدالت مولانا کی بازیابی کا حکم دے۔

مولانا فضل الرحمان نے لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کی اےپی سی میں شرکت کرنا تھی۔

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اب سے کچھ دیر قبل سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کے کہا کہ’ آج لاہور بار ایسوسی ایشن میں آل پارٹیز سیمینار کا انعقاد کیا اور مختلف سیاسی قائدین سمیت مجھے بھی وہاں اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔

مزید پڑھیں:بلوچستان، دہشتگردوں کی معلومات دہندگان کیلئے کروڑوں روپے انعام کا اعلان

لیکن مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں،پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں اور ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں جانے سے روکا جا رہا ہے‘۔