سڈنی: آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ 2018 کے سینڈ پیپر بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر کپتان پیٹ کمنز کی طویل پریس کانفرنس میں کیے گئے ذاتی حملوں سے انہیں شدید دکھ پہنچا، تاہم اس کے باوجود وہ اب بھی پیٹ کمنز سے محبت کرتے ہیں اور ہمیشہ چاہتے تھے کہ وہ آسٹریلیا کے کپتان برقرار رہیں۔
کرکٹ پوڈ کاسٹ ’دی گریڈ کرکٹر‘ کو دیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں عثمان خواجہ نے بتایا کہ انہیں ہرگز توقع نہیں تھی کہ پیٹ کمنز اس انداز میں ذاتی طور پر ان پر تنقید کریں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سڈنی میں پریس کانفرنس سے قبل انہوں نے پیٹ کمنز کو پیغام بھیجا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ وہ کوئی درمیانی راستہ اختیار کریں گے جس سے تمام متعلقہ افراد کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جا سکے، لیکن کمنز نے اس کے برعکس سخت مؤقف اپنایا۔ عثمان خواجہ کے مطابق پریس کانفرنس دیکھتے ہوئے ان کی اہلیہ ریچل بھی ان کے ساتھ موجود تھیں اور بار بار ان کی خیریت دریافت کر رہی تھیں، تاہم اس وقت وہ جذباتی کیفیت کے باعث جواب دینے کی حالت میں نہیں تھے۔
سابق اوپنر نے کہا کہ وہ کسی کی شخصیت کا فیصلہ محض ایک پریس کانفرنس کی بنیاد پر نہیں کریں گے اور پیٹ کمنز بطور انسان اور رہنما انہیں ہمیشہ پسند رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی فرد کو نقصان پہنچانا نہیں تھا اور کرکٹ آسٹریلیا بورڈ کی جانب سے پیٹ کمنز کی متفقہ حمایت کے اعلان پر انہیں خوشی ہوئی ہے۔
عثمان خواجہ نے انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ تنازع کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی غرض سے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کو ایک اجتماعی بیان کا مسودہ بھیجا تھا۔ اس مجوزہ بیان میں تجویز دی گئی تھی کہ ٹیم اعتراف کرے کہ جنوبی افریقا کے دورے کے دوران گیند کی حالت مصنوعی طریقے سے تبدیل کی گئی تھی اور اس کی مکمل ذمہ داری پوری ٹیم قبول کرتے ہوئے اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کی قربانیوں کا اعتراف اور ان سے معذرت کرے۔ تاہم ٹوڈ گرین برگ نے اس تجویز پر تحفظات ظاہر کیے کیونکہ ٹیم کے چار اہم فاسٹ بولرز 2021 کے اپنے اس بیان پر قائم ہیں جس میں انہوں نے بال ٹیمپرنگ کے پیشگی علم سے انکار کیا تھا۔
یاد رہے کہ عثمان خواجہ کی حالیہ سوانح عمری ’صبر‘ میں بال ٹیمپرنگ سے متعلق انکشافات اور کیمرون بینکرافٹ کے چار ہزار الفاظ پر مشتمل مضمون کے بعد اس تنازع نے دوبارہ شدت اختیار کر لی تھی۔ اب کرکٹ آسٹریلیا نے حقائق سامنے لانے کے لیے ایک آزادانہ فورم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اس عمل میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے اور تمام معلومات عوام کے سامنے لائی جائیں۔













بدھ 25 نومبر 2026 
