اسلام آباد: چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے ملک کے پہلے خلاباز ڈاکٹر ذیشان علی کی چینی خلائی مشن ’شین ژو-24‘ کے ذریعے تاریخی روانگی پر پوری قوم اور بالخصوص نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی پرچم کا خلا میں بلند ہونا نوجوان نسل کے لیے نئی امیدوں کا پیغام ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی سائنسی تاریخ کا ایک سنہری باب اور یادگار سنگِ میل ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذیشان علی کا سبز ہلالی پرچم کے ہمراہ خلا کے سفر پر روانہ ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں اور وہ ہر ناممکن کو ممکن بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سخت تربیتی مراحل سے گزرنے والے متبادل پاکستانی خلاباز خرم داؤد کی محنت اور لگن کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیئرمین یوتھ پروگرام کا کہنا تھا کہ پاک چین لازوال دوستی اب زمینی ترقی اور سی پیک کے منصوبوں سے آگے بڑھ کر خلا کی بلندیوں کو چھو رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔ نوجوانوں کے نام خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید سائنس، خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے، لہٰذا نوجوان ڈاکٹر ذیشان علی کی کامیابی سے تحریک حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔ آخر میں انہوں نے خلائی مشن کی مکمل کامیابی اور وطنِ عزیز کی سربلندی کے لیے دعا کی۔













بدھ 25 نومبر 2026 
