کراچی: عالمی بلین مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی قدر پر دباؤ کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں مسلسل دو روز کے اضافے کے بعد بدھ کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 11 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 73 ہزار 936 روپے کا ہو گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ نرخوں کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط خالص سونے کی فی تولہ قیمت میں 11 ہزار 500 روپے کی نمایاں کمی واقع ہوئی جس کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 73 ہزار 936 روپے کی سطح پر آ گیا۔ اسی تناسب سے 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 860 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 20 ہزار 589 روپے مقرر ہو گئی۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں ایک تولہ چاندی 224 روپے سستی ہو کر 4 ہزار 463 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 192 روپے کمی کے ساتھ 3 ہزار 826 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دو روز سے سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا تھا اور پیر کو فی تولہ سونا 7 ہزار 800 روپے جبکہ منگل کو 1 ہزار 300 روپے مہنگا ہوا تھا، تاہم اس سے قبل 18 نومبر کو 13 ماہ بعد فی تولہ سونا چار لاکھ روپے کی نفسیاتی حد سے نیچے آیا تھا۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں پر مسلسل دباؤ برقرار ہے اور بدھ کو اسپاٹ گولڈ ایک فیصد کمی کے بعد 3 ہزار 519 ڈالر 94 سینٹ فی اونس پر آ گیا، جبکہ دسمبر میں فراہمی کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 1.2 فیصد کمی کے ساتھ 3 ہزار 519 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، عالمی معاشی غیر یقینی اور سرمایہ کاروں کے بدلتے رجحانات سونے کی قیمتوں پر براہِ راست اثرانداز ہو رہے ہیں۔













بدھ 25 نومبر 2026 
