Pakistan in Space - Ammi's Last Instructions

اپنوں کے ٹھکرائے 75 سالہ بزرگ اور 63 سالہ خاتون ایک ہوگئے، اولڈ ایج ہوم میں انوکھی شادی کی دھوم

Calender Icon جمعرات 26 نومبر 2026

بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع بلاس پور میں واقع اولڈ ایج ہوم(Old Age Home) ’اپنا گھر‘ میں زندگی کی شام گزارنے والے 2 تنہا افراد نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر رفاقت کی نئی مثال قائم کر دی۔ گھاگھس کے علاقے میں قائم اس ادارے میں 75 سالہ کنہیا لال اور 63 سالہ سبینہ کی شادی ہندو رسومات کے مطابق انجام پائی، جس میں ادارے کے مکینوں، عملے اور خیر خواہوں نے بھرپور شرکت کی۔

شادی کی تقریبات کا آغاز منگل کی شام ہلدی کی رسم سے ہوا، جس میں دلہا اور دلہن نے پیلے رنگ کے روایتی ملبوسات زیب تن کیے اور مقامی ہماچلی لوک گیتوں سے لطف اندوز ہوئے۔ مرکزی تقریب میں روایتی رسومات کے ساتھ ساتھ پھولوں کے ہار پہنانے اور اگنی کے گرد 7 پھیرے لینے کی رسم بھی ادا کی گئی۔ اس خوشی کے موقع پر اولڈ ایج ہوم کے دیگر بزرگ مکینوں نے بھی نوبیاہتا جوڑے کو خوشحال ازدواجی زندگی کی دعائیں دیں۔

اس منفرد تقریب کی خاص بات ضلع بلاس پور کی ڈپٹی کمشنر کرن بھڈانہ کی شرکت تھی، جنہوں نے باراتی کے طور پر تقریب میں شمولیت اختیار کی اور جوڑے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تحائف دیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اس شادی نے معاشرے کو ایک نہایت مثبت پیغام دیا ہے کہ عمر کے کسی بھی حصے میں ہر انسان کو بھرپور زندگی گزارنے اور جیون ساتھی منتخب کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے بے سہارا بزرگوں کی دیکھ بھال پر ’اپنا گھر‘ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

اولڈ ایج ہوم کے بانی ایڈووکیٹ پرکاش چند بنسل کے مطابق اس جوڑے کی کہانی نہایت دردناک پس منظر رکھتی ہے۔

مزیدپڑھیں:سعودی آئل ریفائنری پر حوثیوں کے حملے، خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

ضلع منڈی کے علاقے جنجہیلی کے گاؤں تھوناگ سے تعلق رکھنے والے کنہیا لال اہلیہ کے انتقال کے بعد اپنے بھائیوں کے ساتھ رہتے تھے، تاہم جائیداد بھائیوں کے نام منتقل کرنے کے بعد انہیں گھر سے بے دخل کر دیا گیا۔ بے یار و مددگار ہونے کے بعد انہوں نے ایک غار میں پناہ لے لی تھی، جہاں سے ادارے کی ٹیم نے 2022 میں انہیں ریسکیو کر کے اولڈ ایج ہوم منتقل کیا۔

دوسری جانب 63 سالہ سبینہ کا تعلق کولکتہ سے ہے جو گھر سے بچھڑ کر بھٹکتی ہوئی ہماچل پردیش پہنچ گئی تھیں۔ انہیں پہلے ریاستی دارالحکومت شملہ لایا گیا اور بعد ازاں 2025 میں بلاس پور کے اولڈ ایج ہوم منتقل کیا گیا۔

ایک ہی چھت تلے رہتے ہوئے دونوں بزرگوں کے درمیان اپنائیت اور ہمدردی کا رشتہ پروان چڑھا، جس کے بعد انہوں نے باقی زندگی ایک ساتھ گزارنے کا فیصلہ کر لیا۔

ایڈووکیٹ پرکاش چند بنسل نے کہا کہ معاشرے کو چاہیے کہ خاندانوں کی جانب سے نظرانداز کیے جانے والے بزرگوں کا سہارا بنے تاکہ وہ دوبارہ باوقار زندگی گزار سکیں۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ویلفیئر آفیسر رمیش بنسل سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔

انتظامیہ کے مطابق شادی کے بعد کنہیا لال اور سبینہ کو ہماچل پردیش کے ضلع سولن کے علاقے نالاگڑھ میں قائم ایک نئے اولڈ ایج ہوم منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں یہ جوڑا سالہا سال کی تنہائی اور بے یقینی کے بعد اب ایک دوسرے کے سہارے اپنی نئی ازدواجی زندگی کا آغاز کرے گا۔