امریکا میں پیدائشی شہریت محدود کرنے کا ٹرمپ(Trump) کا نیا حکم نامہ ایک اور وفاقی عدالت نے روک دیا ہے جس کے بعد صدر ٹرمپ کو اس معاملے میں دوسری بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واشنگٹن ڈی سی کے وفاقی جج کرسٹوفر کوپر نے گذشتہ روز اس معاملے پر اپنا فیصلہ سنایا،اس سے قبل رواں برس ستمبر میں ریاست میری لینڈ کی ایک وفاقی عدالت بھی ٹرمپ کے اسی حکم نامے پر عمل درآمد روک چکی ہے، اب امریکی حکومت کو دونوں عدالتی فیصلے ختم کرانے ہوں گے تاکہ وہ اس حکم نامے پر عمل درآمد کر سکے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ مقدمہ ان بچوں کی جانب سے اجتماعی طور پر دائر کیا گیا تھا جنہیں ٹرمپ کے نئے حکم نامے کے تحت امریکی شہریت سے محروم ہونا پڑ سکتا تھا،جج کوپر نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے امریکی حکومت کو مقدمے میں شامل بچوں کے خلاف اس حکم نامے پر عمل کرنے سے روک دیا۔
مزیدپڑھیں:اداکارسلیم شیخ کی بیٹی سلینا شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس مقدمے میں قانونی صورت حال بالکل واضح ہے،امریکی سپریم کورٹ 2 مرتبہ اس بات کی تصدیق کر چکی ہے کہ امریکا میں پیدا ہونے والے تمام بچے امریکی شہری ہیں، اس میں صرف چند کیسز ایسے ہیں جن پر امریکی قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا۔
مقدمے میں بچوں کی نمائندگی کرنے والے امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) کے وکیل کوڈی ووفسی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو تسلیم کرنا چاہیے کہ پیدائشی شہریت امریکا کا نافذ العمل قانون ہے، ان کے مطابق سپریم کورٹ 1898 اور رواں سال بھی پیدائشی شہریت محدود کرنے کی کوششیں مسترد کر چکی ہے اور تیسری کوشش بھی کامیاب نہیں ہوگی۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ یہ سابق صدر براک اوباما کے مقرر کردہ ایک جج کا ایک اور فیصلہ ہے جس کا مقصد صدر ٹرمپ کے ایجنڈے کو روکنا ہے،انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا حکم نامہ سپریم کورٹ کے فیصلوں اور قانونی تشریحات کے مطابق ہے۔













جمعہ 27 نومبر 2026 
