وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جرمن ادارے ہوپ چلڈرن کینسر سنٹر کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بچوں کے کینسر کے علاج میں جرمن اداروں کی معاونت پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ابلیشن کینسر ٹریٹمنٹ متعارف کرانے والا خطے کا پہلا صوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں صوبے کا سب سے بڑا اور جدید ترین نواز شریف کینسر ہسپتال تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں کینسر کے علاج کے لیے ہوپ چلڈرن کینسر سنٹر کی معاونت کو سراہا جائے گا۔ پیڈیاٹرک آنکالوجی کے لیے جرمنی کی جدید ٹیکنالوجی کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ کینسر کے علاج کے لیے جرمن اداروں کے ساتھ مشترکہ تربیتی پروگرامز کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں گے، جو نہ صرف مریضوں کے علاج میں بہتری لائیں گے بلکہ طبی عملے کی استعداد کار بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔
پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں خاص طور پر کینسر کے علاج کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ نئے ہسپتالوں اور شراکتی منصوبوں کے ذریعے عالمی معیار کی طبی سہولیات صوبے کے عوام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا جا رہا ہے۔