دبئی(سپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرا دیا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کی طرف سے ملے 172 رنز کے ہدف کو7 گیندوں قبل حاصل کر لیا، یہ ایونٹ میں پاکستان کی بھارت سے مسلسل دوسری شکست ہے۔
میچ کے ٹاس کے لیے بھارتی کپتان سوریا کماریا دیو اور پاکستانی کپتان سلمان علی آغا میدان میں اترے تھے، بھارتی کپتان سوریا کماریا دیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ٹاس کے بعد روایتی طور پر ہاتھ نہیں ملایا، میچ ریفری کے فرائض اینڈی پائی کرافٹ نے ہی انجام دیے۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز کی باری کھیلی، انہوں نے 3 چھکے اور 5 چوکے لگائے، جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 171 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب اور محمد نواز 21، 21، فخر زمان 15 اور حسین طلعت 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سلمان علی آغا 17 اور فہیم اشرف 20 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کے شیوم دوبے نے 2، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے 1، 1 وکٹ حاصل کی ہے جبکہ محمد نواز رن آؤٹ ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما اور شبمن گل نے پہلی وکٹ پر 105 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ یک طرفہ بنا دیا تھا۔
شبمن گل نے 28 گیندوں پر 47 رنز بنائے، انہوں نے اس دوران 8 چوکے لگائے، ان کی وکٹ فہیم اشرف کے حصے میں آئی۔
106 کے مجموعے پر پاکستان کو دوسری وکٹ کپتان سوریا کمار یادیو کی مل گئی، جو بغیر کوئی رنز بنائے حارث روف کا شکار بن گئے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والی بھارتی بیٹر ابھیشیک شرما تھے، انہوں نے 39 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران 5 چھکے اور 6 چوکے لگائے، انہیں ابرار احمد نے پویلین بھیجا۔
بھارت کی چوتھی اور میچ کی آخری وکٹ سنجو سیمسن کی گری، جو 13 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
حارث رؤف نے 2، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے 1، 1 وکٹ حاصل کی، میچ میں عمدہ پرفارمنس پر ابھیشیک شرما کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ٹاس پر پاکستانی کپتان نے کیا کہا؟
ٹاس کے بعد گفتگو میں سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی بولنگ کرنا پسند کرتے، میچ ایک نیا چیلنج ہے، آج اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم کا موڈ معمول کے مطابق ہے، فائنل الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فہیم اشرف اور طلعت حسین کو حسن نواز اور خوشدل شاہ کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
بھارتی ٹیم
بھارت کی طرف سے فائنل الیون میں ابھیشیک شرما، شبمن گل، کپتان سوریا کمار یادیو، تلک ورما، سنجو سیمسن، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکثر پٹیل، کلدیپ یادیو، ورون چکرورتی اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔
پاکستان اسکواڈ
پاکستان کی حتمی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، کپتان سلمان علی آغا، محمد نواز، فہیم اشرف، محمد حارث، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور حسین طلعت شامل ہیں۔
گروپ اسٹیج مرحلے میں بھارتی ٹیم ناقابلِ شکست رہی ہے، اُس نے پاکستان، عمان اور یو اے ای کو شکست سے دو چار کیا تھا۔
پاکستان گروپ مرحلے میں 2 میچز میں فتح کے ساتھ سپر فور مرحلے کا حصہ بنا ہے، اسے بھارت کے خلاف گزشتہ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔