اسلام آباد:پاکستان کے نوجوانوں اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزیراعظم کے یوتھ پروگرام اور پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (پاشا)کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر وزیراعظم آفس میں دستخط ہوئے۔چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہور احمد نے کہا کہ اس شراکت داری کے تحت پاکستان کے نوجوانوں کو ہنر کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے، ٹیکنالوجی کے شعبے کی ضروریات کے مطابق نصاب تیار کیا جائے گا، نوجوانوں کے لیے سرٹی فکیشن پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ نوجوان کاروباری افراد کے لیے مینٹرشب نیٹ ورک قائم کیا جائے گا، انکیوبیشن پروگرامز شروع کیے جائیں گے تاکہ نئے کاروباری اداروں کو فروغ دیا جا سکے،خواتین کے زیر قیادت کاروباری اداروں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی، دونوں تنظیمیں نوجوانوں کی کامیابی کے لیے مشترکہ پالیسی کی وکالت کرتے ہوئے مل کر روزگار کے مواقع کو بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے تعاون سے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم کیا جائے گا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن(پاشا)کےمابین معاہدہ

