دنیا بھر میں جہاں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے وہیں پرائیویسی کا آپشن بھی ختم ہوتا جا رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی نے جہاں ہماری بہت سی مشکلات کو آسان کردیا ہے وہیں اس کے بدلے ہماری ہر حرکت پر نظر بھی رکھی جا رہی ہے۔
کیونکہ فونز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر صارفین اپنی اہم معلومات بھی اسی میں محفوظ کرنے لگے ہیں۔ پھر چاہے وہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہوں یا بینک اکاؤنٹس تک رسائی۔
سمارٹ فونز استعمال کرنے والوں کی بڑی تعداد ان کی سیکیورٹی کے بارے میں فکرمند بھی نظر آتی ہے کہ آخر یہ فون اور ان میں لگے کیمرے کتنے محفوظ ہیں کیونکہ اکثر صارفین موبائل فون اپنے ساتھ باتھ روم میں لے جانے کے بھی عادی ہوتے ہیں۔
کئی صارفین کا خیال ہے کہ ہماری پرائیویسی اب پرائیویسی نہیں رہی۔ وہ فکر مند نظر آتے ہیں کہ موبائل فون اور خاص طور پر اس میں لگے ہوئے فرنٹ کیمروں سے کوئی بھی محفوظ نہیں یہ ایک مستقل دھمکی کے طور پر آپ کے ساتھ ہیں۔ اس کی مدد سے ذاتی معلومات اور تصاویر حاصل کر لی جاتی ہیں جو بعد ازاں صارفین کو دھمکانے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں اور مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت انٹرنیٹ پر پوسٹ کر دی جاتی ہیں۔
اسی حوالے سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ موبائل کا کیمرہ ہر وقت آپ کی ریکارڈنگ کر رہا ہوتا ہے اور اس بارے میں آپ کو معلوم نہیں ہوتا کیونکہ آپ مختلف قسم کی ایپس موبائل میں انسٹال کرتے ہیں اور اس کو اپنی گیلری، فوٹو، مائکروفون اور ہر چیز کی رسائی دیتے ہیں اور آپ نہیں جانتے کہ وہ اوریجنل ہے یا فیک۔
ویڈیو میں کہا گیا کہ اپنے موبائل یا لیپ ٹاپ کے فرنٹ کیمرے پر کالی ٹیپ لگا دیا کریں کیونکہ ہر وقت آُ کی ریکارڈنگ ہو رہی ہوتی ہے اور آپ کو دیکھا جا رہا ہوتا ہے۔