کئی ماہ کی افواہوں کے بعد کترینہ کیف نے حاملہ ہونے کی تصدیق کردی

Calender Icon منگل 23 ستمبر 2025

کئی ماہ سے گردش کرنے والی خبروں کے بعد بالآخر بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف نے اپنے حاملہ ہونے کی تصدیق کردی۔

اداکارہ نے شوہر وکی کوشل کے ہمراہ ایک مشترکہ پوسٹ میں تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ خوشی اور تشکر کے ساتھ ہم اپنی زندگی کے نئے باب کا آغاز کرنے والے ہیں۔

اگرچہ کترینہ کیف نے پہلے بچے کی متوقع پیدائش کی خبر کی تصدیق کی، لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کب ماں بن جائیں گی۔

اداکارہ کی جانب سے خوشخبری دیے جانے کے بعد شوبز سے وابستہ کئی فنکاروں اور ان کے مداحوں نے مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

42 سالہ کترینہ کیف اور 37 سالہ وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021 کو راجستھان کے ایک ریزورٹ میں شاہانہ انداز میں شادی کی تھی۔

شادی کے صرف ایک سال بعد ہی ان کے والدین بننے کی افواہیں سامنے آنے لگی تھیں، جو رواں سال کے آغاز سے مزید زور پکڑ گئیں، تاہم اب اداکارہ نے خود ان کی تصدیق کردی ہے۔