’میں اب بھی کہوں گی عورت کی کمائی میں برکت نہیں‘، صائمہ قریشی اپنے موقف پر ڈٹ گئیں

Calender Icon بدھ 24 ستمبر 2025

پاکستانی اداکارہ صائمہ قریشی نے ایک بار پھر اس رائے کا اعادہ کیا ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، تاہم اُن کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی خاتون کو کام یا کاروبار سے منع نہیں کرتیں۔

صائمہ قریشی حال ہی میں دوبارہ ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں اُن سے اس حوالے سے سوال کیا گیا۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ اُن کا ذاتی خیال ہے اور وہ آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا،’میں یہ نہیں کہتی کہ عورت کو کام نہیں کرنا چاہیے۔ میں خود بھی کام کرتی ہوں اور کاروبار بھی کرتی ہوں، لیکن میرا ماننا ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔‘

اس کی ایک وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ عورت کے سامنے کئی ضروریات منہ کھول کر کھڑی ہوتی ہیں اسے ہر طرف دھیان دینا ہوتا ہے اس لیے وہ بچت نہیں کر پاتی۔

اداکارہ نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی برسوں سے محنت کر رہی ہیں لیکن اب تک اپنا گھر نہیں بنا سکیں اور کرائے کے مکان میں رہتی ہیں۔

اُن کے مطابق ، ’اگر میری جگہ کوئی مرد اتنی محنت کرتا تو شاید آج اپنا گھر بنا چکا ہوتا۔‘

صائمہ قریشی نے کہا کہ وہ سنگل ماں ہیں اور کام کرنا ان کی مجبوری ہے۔ مگر وہ یہ سمجھتی ہیں کہ بنیادی طور پر کمانا عورت کی ذمہ داری نہیں ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ماہرہ خان سمیت ایسی کئی خواتین ہیں جنہوں نے خود محنت کی اور آج ایک کامیاب زندگی گزار رہی ہیں تو صائمہ قریشی نے جواب دیا،’ایسی خواتین کو اپنے گھر کی سپورٹ حاصل ہے۔ ماہرہ خان نے بھی شادی کی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی عظیم ہستی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے کاروبار کو مثال بنانا درست نہیں کیونکہ وہ ایک منفرد شخصیت تھیں اور بعد میں انہوں نے بھی شادی بھی کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی کو کام سے نہیں روکتیں، لیکن اپنے ذاتی تجربے اور عقیدے کی بنیاد پر آج بھی اسی رائے پر ڈٹی ہوئی ہیں کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔

یاد رہے کہ فروری 2025 میں بھی صائمہ قریشی نے اسی پوڈکاسٹ میں یہ رائے دی تھی کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں۔ اُن کے بیان پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے ایک وضاحتی ویڈیو جاری کی تھی، لیکن اُس میں بھی اپنے مؤقف پر قائم رہی تھیں۔