اسرائیل کو عالمی قوانین کا پاس نہیں ، اسے لگام ڈالی جائے،ترک صدر

Calender Icon بدھ 24 ستمبر 2025

ترک صدر نے  مطالبہ کیا ہے اسرائیل کو عالمی قوانین کا پاس نہیں ہے اسے لگام دی جائے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے جذباتی خطاب میں صدر طیب اردوان نے کہا غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر خاموش رہنے والے بھی اس گھنائوںے جرم میں برابر کے شریک ہیں،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے اسرائیل کی غزہ پر مسلط کردہ جنگ کو انسانیت کیلئے سیاہ ترین باب قرار دیاہے ،غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا اسرائیل بے قابو ہوچکا ہے، ہم اس کے جنون کو مزید برداشت نہیں کرسکتے،فلسطینی نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے صدر اردوان نے مزید کہا ہے اسرائیل بمباری روک کر انسانی امداد کو بلا رکاوٹ غزہ میں داخل ہونے دے ،ترک صدر نے عالمی برادری کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس جارحیت، قحط اور نسل کشی پر خاموش رہے تو یہ سنگین جرم کے مترادف ہوگا،اسرائیل کے قطر میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ پر یہ حملہ ثابت کرتا ہے کہ اسرائیل قابو سے باہرہوچکا ہے،انہوں نے کہا ہے اسرائیل کے غزہ اور شام، ایران یمن اور لبنان پر حملے پورے خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں ،انہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے عالمی قیادت سے کہا اپنے ضمیر سے پوچھیں، یا 2025میں اس بربریت کا کوئی جواز ہو سکتا ہے؟ یہ شرمناک مناظر گزشتہ 23ماہ سے دہرائے جا رہے ہیں،غزہ میں صحافیوں اور امدادی کارکنوں کے قتل پر مذمت کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا اسرائیل کی بمباری میں اب تک 250سے زائدصحافی جان کی بازی ہار چکے ہیں–