اسلامی نظریاتی کونسل نے رقم نکالنے پر ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دے دیا

Calender Icon بدھ 24 ستمبر 2025

 

اسلامی نظریاتی کونسل نے رقم نکالنے پر لگنے والے ود ہولڈنگ ٹیکس کو شریعت کے خلاف قرار دے دیا ہے۔ بدھ کے روز منعقد ہونے والے کونسل کے 243 ویں اجلاس میں متعدد اہم معاملات پر غور کیا گیا اور فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کی، جبکہ کونسل کے دیگر معزز اراکین بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر یہ رائے دی گئی کہ بینکوں سے رقم نکالنے پر ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنا زیادتی کے مترادف ہے اور شریعت کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔

کونسل نے انسانی دودھ ذخیرہ کرنے سے متعلق تجویز پر بھی غور کیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ مخصوص شرائط اور مناسب قانون سازی کے بعد ایسے مراکز قائم کیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ اس عمل میں مفاسد سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ انسانی دودھ سے متعلق کسی بھی قانون سازی میں اسلامی نظریاتی کونسل کو شامل کیا جائے۔

دیت کے قانون میں مجوزہ ترامیم کو بھی کونسل نے مسترد کر دیا۔ اراکین نے واضح کیا کہ دیت کی ادائیگی کے لیے شریعت میں مقرر کردہ مقداریں، جیسے کہ سونا، چاندی اور اونٹ، قانون میں برقرار رہنی چاہئیں۔ انہوں نے چاندی کو قانون سے نکالنے اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنانے کی مخالفت کی۔

شوگر کے مریضوں کے لیے انسولین کے حوالے سے کونسل نے رائے دی کہ چونکہ حلال اجزا پر مشتمل انسولین دستیاب ہے، لہٰذا خنزیر کے اجزا سے تیار کردہ انسولین کے استعمال سے گریز کیا جانا چاہیے۔

کونسل نے سفارش کی کہ قرآن کریم کی شہادت کے لیے محفوظ کردہ نسخے شہادت کے بعد پاک صاف کر دیے جائیں اور اس کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی جائے۔

اجلاس میں 11 ستمبر 2025 کو سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ کونسل کا کہنا تھا کہ غیر مدخولہ (جن سے ازدواجی تعلق قائم نہ ہوا ہو) خواتین کو طلاق کی صورت میں عدت اور نفقہ دینا قرآن و سنت کے خلاف ہے۔

اس کے علاوہ، وزارت مذہبی امور کی درخواست پر ایک رنگ ٹون تیار کرنے کی بھی منظوری دی گئی، جس میں شہریوں کو ربیع الاول کے دوران مقدس کلمات، جھنڈوں، اور بینرز کا احترام کرنے کی تلقین کی جائے گی۔

آخر میں، ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے پر مرزا محمد علی انجینئر کے خلاف توہین رسالت کے مقدمے کا جائزہ لیا گیا، جس پر فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔