لندن:برطانوی پولیس نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ آر ٹی ایکس (RTX.N) کی ملکیت کولنز ایروسپیس پر رینسم ویئر حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس حملے نے یورپ بھر میں ایئرپورٹس پر چیک ان سسٹمز کو آف لائن کر دیا اور سفر میں وسیع پیمانے پر خلل پیدا کیا۔نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے ایک بیان میں کہا کہ منگل کے روز ایک چالیس سالہ شخص کو کمپیوٹر میس یوز ایکٹ کے تحت جرائم کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے بعد میں مشروط ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔این سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پال فوسٹر نے کہا، “اگرچہ یہ گرفتاری ایک مثبت قدم ہے، لیکن اس واقعے کی تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور جاری ہے۔”یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گزشتہ ہفتے کے اس ہیک کے پیچھے کون سا مجرمانہ گروہ تھا۔ این سی اے کے ترجمان نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔
کولنز ایروسپیس پر رینسم ویئر حملے کے سلسلے میں ایک شخص گرفتار،ہیکرنے یورپ بھر میں ایئرپورٹس پر چیک ان سسٹمز کو آف لائن کر دیا تھا

