بھارتی کرکٹ بورڈ نے فرحان اور حارث کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرادی

Calender Icon جمعرات 25 ستمبر 2025

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے ایک بار پھر میدان سے زیادہ تنازعات میں گھر گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا اور بی سی سی آئی کی طرف سے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف شکایات اور پروپیگنڈے کی بوچھاڑ نے یہ ثابت کر دیا کہ بھارت کھیل کو کھیل نہیں بلکہ سیاست اور دشمنی کا میدان سمجھتا ہے۔

سپرفور میچ میں صاحبزادہ فرحان کی نصف سنچری پر منفرد انداز میں خوشی منانے اور حارث رؤف کے ہاتھ کے اشارے کو بھارت نے برداشت نہ کیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کی حرکات کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف آئی سی سی کو شکایت درج کرا دی ہے۔

بھارتی بورڈ کے مطابق حارث رؤف نے بھارتی فوج کی ناکام کارروائیوں اور طیارے کی تباہی کا مذاق اڑایا اور فرحان نے اپنے بلے کو بندوق کے طور پر استعمال کرتے ہوئے جشن منایا۔


اس کے علاوہ جلے پر نمک چھڑکتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی نے بدھ کو ایکس پر کرسٹیانو رونالڈو کی ایک سلو موشن ویڈیو پوسٹ کی، جس میں پرتگالی لیجنڈ اشارہ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ جیسے کوئی طیارہ اچانک گر کر تباہ ہو گیا ہو۔


اس سے قبل پاکستانی کرکٹ بورڈ بھی بھارت کے دوہرے معیار کو دنیا کے سامنے رکھ چکا ہے اور ستمبر کو کھیلے گئے میچ سوریہ کمار یادیو کی کھلی سیاسی بیان بازی پر آئی سی سی کو شکایت درج کرائی گئی ہے۔

سوریہ نے اپنی جیت کو بھارتی فوجی آپریشن سے منسوب کر کے کرکٹ کو سیدھا سیاست سے جوڑا، جو کھیل کے قوانین کے سراسر خلاف ہے۔


پی سی بی کا مؤقف ہے کہ بھارت کھلاڑیوں کے جذباتی جشن کو تو نشانہ بناتا ہے لیکن اپنی فوجی کاروائیوں کو کھیل سے جوڑنے والوں پر آنکھیں بند کر لیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ بھارت کی پرانی عادت ہے کہ جب بھی پاکستان کسی کھیل یا سفارتی میدان میں نمایاں ہوتا ہے، بھارتی میڈیا اور بی سی سی آئی بے بنیاد الزامات کے ذریعے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اسی سلسلے میں سوشل میڈیا پر بھی بھارتی پراپیگنڈہ مشینری متحرک ہے اور پاکستان مخالف مہم چلائی جا رہی ہے۔

پاکستانی عوام اور سوشل میڈیا صارفین نے واضح کیا ہے کہ حارث اور فرحان کے اشارے بھارتی جارحیت اور ماضی کی ذلت آمیز شکستوں کی یاد دہانی تھے، جسے بھارت کبھی برداشت نہیں کر سکتا۔

عوام کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کی شکایت دراصل بھارتی کمزوری اور پاکستان کے خوف کا اظہار ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت نے ہر بڑے ایونٹ میں پاکستان کے خلاف سیاسی حربے استعمال کیے ہیں۔ چاہے وہ ویزا مسائل ہوں، ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کی مخالفت ہو یا اب آئی سی سی میں شکایات،بھارت کا مقصد ہمیشہ پاکستان کو دباؤ میں لانا رہا ہے۔